حلب، 27ستمبر(ایجنسی) شامی اور روسی طیاروں کی حلب کے مشرقی حصے پر بلا تعطل بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں جبکہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ادویہ اور دوسرا سامان کم پڑتا جارہا ہے۔
باغیوں کے زیر قبضہ حلب کے مشرقی علاقے میں اس وقت قریباً ڈھائی لاکھ شہری محصور ہیں۔شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیاؤں نے اس کی مکمل
ناکا بندی کر رکھی ہے۔گذشتہ پانچ روز میں شہر میں فضائی حملوں میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں جبکہ شہر کے مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ غذائی اجناس اور ادویہ کی قلّت بڑھتی جارہی ہے۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ حلب اور اس کے نواحی علاقوں میں گذشتہ ہفتے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے فضائی حملوں میں 38 بچوں سمیت 237 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔حزب اختلاف کے زیر قبضہ علاقوں میں شہری دفاع کے کارکنان نے فضائی بمباری میں چار سو افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔